کراچی،لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔فائل فوٹو
کراچی،لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔فائل فوٹو

آج رمضان کا چاند نظرآنے کا کوئی امکان نہیں

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند آج نظرآنے کا امکان نہیں،جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ملک کے 80 فیصد علاقوں میں جمعرات کو مطلع صاف ہوگا۔ صرف شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بادل ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمرکم ہوگی جبکہ انسانی آنکھ سے نظرآنے کیلیے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ آج جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی۔ واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے جو مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔

ادھر وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو جمعرات 23 اپریل کو پشاور شہر میں غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پرچاند کے مقام کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے واضح ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔ افق پراس کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی ناممکن ہے۔