پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازعمراکمل پراسپاٹ فکسنگ معاملے میں 3 سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے باعث وہ ہر طرح کی کرکٹ سے دور رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے آغاز سے قبل معطل کیے گئے عمر اکمل کو بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی 2 مرتبہ خلاف ورزی پر چارج کیا گیا تھا۔ عمراکمل نے ان نوٹسز کا جواب دیتے ہوئے اینٹی کرپشن ٹربیونل میں سماعت کیلیے درخواست نہیں کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کے سپرد کردیا تھا۔
Umar Akmal handed three-year ban from all cricket by Chairman of the Disciplinary Panel Mr Justice (retired) Fazal-e-Miran Chauhan.
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) April 27, 2020
چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے 27 اپریل کو کیس کی سماعت کیلیے عمر اکمل اور پی سی بی کو نوٹسز جاری کیے تھے اورآج نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں اس کی سماعت ہوئی جس دوران تمام احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کو سختی سے یقینی بنایا گیا اور سماعت کے بعد عمر اکمل کو 3 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمر اکمل کو پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.4. 2 کی دو مرتبہ خلاف ورزی پر نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا جو کسی بھی فرد کی جانب سے کرپشن کی پیشکش کے بارے میں پی سی بی ویجلنس اینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کو (بغیر کسی غیر ضروری تاخیر سے) آگاہ نہ کرنے سے متعلق ہے۔ آرٹیکل 6.2 کے تحت آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی کا جرم ثابت ہونے پر 6ماہ سے تاحیات پابندی تک کی سزا دی جا سکتی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمراکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا تھی لیکن معطلی کے سبب ان کی لیگ سمیت ہر طرح کے کرکٹ مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور اب وہ تین سال تک ہر طرح کی کرکٹ سے دور رہیں گے۔