کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ کابینہ نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ صوبائی وزرا نے 30 جون تک تنخواہیں وصول نہ کرنے کا اعلان کردیا، یہ رقم کورونا ریلیف کے کاموں کیلیے خرچ کی جائے گی۔
سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد صوبائی وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ کابینہ کے ارکان ایک ماہ کی تنخواہ پہلے ہی کورونا ریلیف فنڈ میں دے چکے ہیں۔
صوبائی وزرا نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ 30 جون تک تنخواہیں وصول نہیں کریں گے اور یہ تنخواہیں بھی ریلیف کے کاموں پر خرچ کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔