سعودی عرب میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر سعودی وزارتِ داخلہ نے سزاؤں کا اعلان کیا ہے.
سعودی وزارتِ داخلہ کے اعلان کے مطابق نجی ادارے ان کے ملازمین اور سہولت کار اگر خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے توایک ہزار سے ایک لاکھ ریال جرمانہ کیا جائے گا،چھ ماہ تک ادارے کو بند کرنے کے علاوہ ایک ماہ سے ایک سال تک کی سزا بھی ہوگی جبکہ کرفیو کی خلاف ورزی اور شہر سے باہر بنا اجازت کے نقل و حرکت پر دس ہزار ریال سے ایک لاکھ ریال جرمانہ اور قید کی سزا ہوگی۔
آئسولیشن اورقرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دو لاکھ ریال جرمانہ یا دو برس قید کی سزا ہوگی جبکہ جان بوجھ کر کورونا وائرس پھیلانے والے افراد کو پانچ لاکھ ریال جرمانہ یا پانچ سال سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کو ایک لاکھ سے دس لاکھ ریال جرمانہ متعین کر دیا گیا ہے۔