ایران کی بحریہ نے مشقوں کے دوان اپنے ہی بحری جہاز پر میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار نیوی کے 19 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ اتوار کے روزاس وقت پیش آیا جب فوجی مشقوں کے دوران خلیج عمان میں میزائل کو ہدف کی طرف فائر کیا گیا لیکن وہ قریب ہی موجود ایران کی سپورٹ شپ کو جالگا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار19 افراد ہلاک اور15 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق واقعہ خلیج عمان پر تہران کے جنوب مشرق میں واقع جسک پورٹ کے قریب پیش آیا جہاں اتوار کے روز جسک اور چاہ بہار کے پانی میں نیوی کی مشقیں جاری تھیں اور اس دوان ایک سپورٹ شپ میزائل کا نشانہ بن گئی۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز اپنے ہدف کو نشانہ بنارہا تھا کہ شپ ہدف کے انتہائی قریب تھی جس سے واقعہ پیش آیا، حادثے کا شکار بننے والی شپ کو 2018 میں تیار کیا گیا تھا جو سمندر سے میزائل فائرکرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق اب تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ حادثے کے وقت جہاز میں کتنے ممبران سوار تھے تاہم ترک ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز میں 40 سے زائد ممبران موجود تھے جن میں سے 20 ہلاک ہوئے۔ترک خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے واقعے کو انسانی غلطی قراردیا ہے۔