کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 43 لاکھ سے زائد ہو گئی جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد دو لاکھ 93 ہزار سے تجاوزکرگئی۔
عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق پوری دنیا میں اب تک مضبوط قوت ارادی اورطاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 16 لاکھ سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ 83 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 69 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار920 سے بڑھ گئی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 21 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار911 سے زائد ہو گئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 32 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
فرانس میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار991 سے بڑھ گئی ہے۔
جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمارکے مطابق اب تک سات ہزار738 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔
ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار894 سے تجاوز کرگئی ہے اورایک لاکھ 41 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
دستیاب اعداد و شمارکے مطابق ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار733 سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ 10 ہزار767 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔