پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ایک روزہ میچوں کے لیے بھی ٹیم کا کپتان مقررکردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بابراعظم کو ایک روزہ میچوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکردیا گیا ہے۔
بابراعظم پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بھی کپتان ہیں جب کہ اظہرعلی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ لسٹ کے مطابق نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جبکہ عابد علی، محمد رضوان، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کی ترقی ہوئی ہے۔ افتخار احمد بھی 18 رکنی فہرست کا حصہ بنے ہیں۔
اسی طرح حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین نئی تشکیل کردہ ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری میں شامل
کردیے گئے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 3 کھلاڑیوں اظہرعلی، شاہین شاہ اور بابراعظم کو کٹیگری اے میں شامل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 9 کھلاڑیوں عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل، محمدعباس، محمدرضوان اور سرفراز احمد، شاداب خان، شان مسعود اور یاسر شاہ کو کٹیگری بی میں شامل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق 6 کھلاڑی فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، وسیم شاہ اور عثمان شنواری کٹیگری سی میں شامل کردیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ بابراعظم سے قبل وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد قومی ٹیم کے کپتان تھے تاہم پہلے ان سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت لی گئی اور پھراب ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی بابراعظم کو بنا دیا گیا ہے۔