عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردارکیا ہے کہ کورونا وائرس شاید کبھی بھی ختم نہ ہواوردنیا کو اس کے ساتھ ہی جینا پڑے گا۔
ڈائریکٹرایمرجنسی ڈبلیوایچ او مائیکل ریان کا جینیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انسانی آبادی میں ایک نیا وائرس داخل ہواہے لہذا پیش گوئی کرنا مشکل ہےکہ وائرس پرکب تک قابو پایا جا سکتا ہے۔
مائیکل ریان نے دنیا کو خبردارکرتے ہوئے بتایا کہ ایچ آئی وی کی طرح شاید کورونا بھی کبھی ختم نہ ہو اوردنیا کی پوری آبادی کواس کے ساتھ ہی رہنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ہمارے معاشرے میں ایک اورمستقل وبا کی شکل اختیارکرسکتا ہے، جیسے ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا اور ہمیں اس کےساتھ رہنا پڑا۔
ڈائریکٹرنے مزید کہا کہ پابندیوں میں نرمی سے وبا کی دوسری لہر نہ آنے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی، بہت سےممالک چاہیں گےکہ پابندیوں سے باہرآئیں، لیکن ہماری سفارش ہےکسی بھی ملک میں انتباہ اعلیٰ سطح پر ہونا چاہیے۔
۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 44 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 2 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ لقمہ اجل بن چکے ہیں۔