بھارت کی کئی ریاستوں میں کورونا بحران میں پھنسے مزدوروں کے اپنے گھر پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے لیے حکومت نے مزدور اسپیشل ٹرین کا انتظام کیا ہے۔ ایسی ہی ایک ٹرین کے مسافروں کے درمیان بہار میں کٹیہار ریلوے اسٹیشن پر بسکٹوں حصول کے لیے چھینا جھپٹی ہونے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ اس واقعہ پر ریلوے افسران نے افسوس کا اظہارکیا ہے۔
ریلوے کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو بہارکے کٹیہار ریلوے اسٹیشن کی بتائی جا رہی ہے جہاں بدھ کو دہلی سے پورنیہ جا رہی مزدوراسپیشل ایکسپریس ٹرین کٹیہار ریلوے اسٹیشن پر رکی تھی۔
اسی دوران بسکٹوں کے حصول کیلیے مزدوروں کے درمیان چھینا جھپٹی ہونے لگی۔ اس دوران کسی کو سوشل ڈسٹنسنگ کا بھی خیال نہیں رہا۔ تقریباً ایک منٹ کے اس ویڈیو میں صاف نظرآ رہا ہے کہ ایک شخص اسٹیشن پر بسکٹ کا تھیلا لیے کھڑا ہے اچانک کئی مزدور مسافر اسے چاروں طرف سے گھیر لیتے ہیں۔
اس کے بعد اس کے تھیلے میں پڑے بسکٹ کی لوٹ شروع ہو جاتی ہے، ویڈیو میں نظرآ رہا ہے کہ جو جتنا طاقتور ہے وہ اتنا چھین رہا ہے۔ ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو کر مسافر بسکٹ لوٹنے کی کوشش میں لگے ہیں۔