افغانستان کے صوبے پروان میں ایک مسجد پر حملے میں 8 نمازی اور صوبے خوست کی مسجد سے باہر نکلنے والے ایک خاندان پر فائرنگ میں 3 بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ تخار میں چیک پوسٹ پر حملے میں 9 سیکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہارگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے پروان میں باجماعت نمازکے دوران نامعلوم مسلح افراد نے مسجد میں گھس کراندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 نمازی جاں بحق اور12 زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب صوبے خوست میں ایک مسجد سے نمازکی ادائیگی کے بعد باہر نکلنے والے خاندان کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 سگے بھائی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 2 دیگر رشتہ دار زخمی ہیں۔
دریں اثنا صوبے تخارکی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 9 اہلکار ہلاک اور6 زخمی ہوگئے۔ افغان حکام نے جوابی کارروائی میں 40 جنگجوؤں کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا تاہم اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
ادھر ترجمان طالبان نے پروان اور خوست میں مسجد اورنمازیوں پرحملے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صرف سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، کبھی عبادت گاہوں اوراسپتالوں پر حملے نہیں کیے۔