بھارت اور بنگلا دیش میں سمندری طوفان ایمفان 84 زندگیاں نگل گیا،30 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ ممتا بینر جی کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال میں 72 شہری ہلاک ہوئے۔ طوفان کا نقصان کورونا سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بینر جی کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال میں 72 شہری ہلاک ہوئے۔ طوفان کا نقصان کورونا سے زیادہ ہو سکتا ہے۔
دوسری طرف بنگلا دیشی حکام کے مطابق بنگلا دیش میں طوفان سے 12 شہریوں کی اموات واقع ہوئی۔بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق ساحل کے قریب 15 کلومیٹر تک علاقے ڈوب سکتے ہیں۔
سمندری طوفان امفان مغربی بنگال اوراڑیشہ کے ساحل سے ٹکراگیا،120 کیلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں اور شدید بارش کے نتیجہ میں شمالی اضلاع اورجنوبی میں کئی مقامات پر کھمبے اوردرخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتابنرجی نے حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ سمندری طوفان امفان کے باعث کم از کم 72 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ 2 اضلاع کے علاوہ دیگر مقامات پر سمندری طوفان سے شدید نقصان پہنچا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ طوفان سے نقصانات کا تخمینہ کروڑوں روپے لگایا گیا ہے ۔ سمندری طوفان سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے۔دریاؤں اور جھیلوں میں شدید پانی کے بہاؤ سے اطراف کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ۔ نبانا میں پارٹی آفس کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ تیز ہواؤں کے باعث درختوں کے اکھڑنے اور مکانات پر گرنے سے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع ہے ۔ احتیاطی طور پر طوفان کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل تقریباً 5 لاکھ افراد کا انخلا کرایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان کے نقصانات کا حقیقی تخمینہ 10 دن کے بعد ہی لگایا جاسکتا ہے ۔ خلیج بنگال کے ساحلی علاقہ میں واقع ٹاؤن دگھا زیادہ متاثر نہیں ہوا تاہم راجرہٹ ، ہبرا ، سندیش کھالی ، بونگا اور حسن آباد میں سمندری طوفان سے زبردست نقصان ہوا ہے ۔
اڑیشہ کے پوری کھردا ، کٹک ، اور دیگر اضلاع میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ۔ کل رات سے ہی تیز ہوائیں چل رہی تھیں جس کے نتیجہ میں کھڑی فصلوں اورانفرااسٹرکچرکو شدید نقصان پہنچا ۔
محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل مرتیونجے موہن پاترا نے بتایا کہ سمندر سے 5 میٹر بلند لہریں اٹھ رہی تھیں۔24 پرگنہ اضلاع کے 15 کیلو میٹرکا علاقہ زیرآب ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بنگال میں کل تک تیز ہواؤں اوربارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
اطلاعات کے مطابق سمندری طوفان سے اڑیشہ میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔ ڈھاکہ سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان امفان سے ساحلی علاقوں میں بڑی تباہی ہوئی ہے جبکہ ایک ملین سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ۔بنگلہ دیش میں بھی سمندری طوفان سے تین افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔