مدرسے کی چھت اور دیواریں کچی مٹی سے تعمیر کی گئی تھیں۔فائل فوٹو
مدرسے کی چھت اور دیواریں کچی مٹی سے تعمیر کی گئی تھیں۔فائل فوٹو

شمالی وزیرستان میں مدرسے کی چھت گرگئی۔سات بچے جاں بحق

شمالی وزیرستان میں مدرسے کی چھت گرنے سے سات بچے جاں بحق اور13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔چھت گرنے کا واقعہ شمالی وزیرستان کی تحصیل شوہ میں پیش آیا اورزخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ گزشتہ شب پیش آیا جس کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام ساری رات جاری رہا۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ چھت تلے15 سے زائد افراد موجود تھے۔

مدرسے کی چھت اور دیواریں کچی مٹی سے تعمیر کی گئی تھیں اور لوگوں نے بیلچوں کی مدد سے ملبہ ہٹایا۔افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچی اوراہلکاروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

چھت گرنے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے کو ہٹایا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں اور زخمیوں کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں گئی۔ہسپتال منتقل کیے گئے زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔

مدرسے کی چھت گرنے سے زخمی اورہلاک شدگان کے لواحقین کو اطلاع کردی گئی ہے اور وہ مختلف علاقوں سے جائے حادثہ پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔