سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور نے کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلیے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر71 مساجد بند کردیں۔
وزیر اسلامی امور و ودعوت و رہنمائی ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیزآل الشیخ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدبیر کی پابندی نہ کرنے والی مساجد سے متعلق سخت فیصلہ کیا ہے۔ان مساجد میں وائرس سے بچاؤ کے اصولوں پرعمل نہ کرنے کے باعث کئی نمازی وائرس کا شکار ہوگئے ۔
آل الشیخ نے ٹوئٹ کیا کہ بعض نمازیوں نے مساجد میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلیے مقرر صحت ضوابط کی پابندی نہیں کی تھی جس پر وہ وبا کا شکار ہوگئے۔ لہٰذا مملکت کے مختلف علاقوں میں مجبوراً 71 مساجد بند کرنی پڑ گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ بند کی جانے والی مساجد کو سینیٹائز کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل وزارت داخلہ نے جدہ اور مکہ مکرمہ کی تمام مساجد ہفتے سے بند کرنے کا فیصلہ جاری کردیا تھا۔ دونوں شہروں میں کورونا وائرس کے معاملہ بڑھ جانے اور وائرس کے شدت اختیار کرلینے کی وجہ سے لاک ڈاؤن بحال کرتے ہوئے مساجد میں جماعت اور جمعہ کی نماز پر بھی پابندی لگادی گئی تھی۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام بندش سے مستثنیٰ ہے جہاں سیکیورٹی فورس کے عہدیدار اور مسجد الحرام کے مختلف اداروں کے کارکنان پانچوں وقت کی نمازیں جماعت سے ادا کررہے ہیں۔ حرم مکی میں جمعے کی نمازکی پابندی نہیں تاہم عام افراد کے داخلے پر پابندی بحال ہے۔