عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی ایڈووکیٹ کی جانب سے مقدمہ اندراج کے لیے دائر درخواست پر محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ محمد جہانگیر اعوان نے سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست منظور کرنے کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
تحریری فاصلے کے مطابق سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ سے انکار نہیں کیا گیا، انسداد الیکٹرانک کرائم کے پیکا ایکٹ کے تحت جرم کا ارتکاب ہوا ہے۔
فیصلے کے مطابق سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست منظورکی جاتی ہے، ایف آئی اے قانون کے مطابق تفتیش کرے، انکوائری کے بعد اگر کافی شواہد موجود ہوں تو ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 12 سال بعد مرحومہ کو بدنام کرنے کے لیے انکشافات بظاہر بدنیتی پر مبنی ہیں، بے نظیر بھٹو پاکستان کی سابق وزیراعظم اور لاکھوں لوگوں کی قائد تھیں، بے نظیر بھٹو کے فالورز کو متاثرہ فرد کے طور پر ٹریٹ کیا جا سکتا ہے۔
پیکا ایکٹ کی تشریح کے مطابق بے نظیر بھٹو کی پارٹی کا ضلعی صدر بھی متاثرہ فریق ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں ایف آئی اے کو امریکی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔