حوثی ملیشیا کا حملہ پسپا کرکے باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچارکیا۔فائل فوٹو
حوثی ملیشیا کا حملہ پسپا کرکے باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچارکیا۔فائل فوٹو

یمنی فوج نے مشرقی صنعا میں حوثیوں کا حملہ پسپا کردیا

یمن کی آئینی فوج نے دارالحکومت صنعا کے مشرق میں نہم گورنری میں نجد العتق محاذ پر حوثی باغیوں کا حملہ پسپا کردیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اتوار کےروز حوثی ملیشیا نے نجد العتق کے محاذ پر سرکاری فوج پرحملہ کیا جس پر آئینی فوج اوراس کی عرب اتحادی فوج نے مشترکہ جوابی کارروائی میں حوثی ملیشیا کا حملہ پسپا کرکے باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچارکیا۔

یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا نے نجد العتق کے علاقے میں گذشتہ دو روز کے دوران کھوئے ہوئے علاقوں کا قبضہ بحال کرنے کے لیے ایک مایوس کن حملہ کیا لیکن قومی فوج کے بہادر سپاہیوں نے حوثیوں کی اس کوشش کو بری طرح ناکام بنا کر انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں کم ازکم 8 حوثی باغی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔اس کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے عرب اتحادی فوج نے حوثی باغیوں کی پانچ فوجی گاڑیوں اوراسلحہ کے گوداموں کو نشانہ بنا کرانہیں تباہ کیا۔