شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے مذاکرات کے لیے قائم کیا گیا سینٹر دھماکے سے اڑادیا۔
امریکی خبررساں ادارے نے جنوبی کوریا کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج کی جانب نے حالیہ کشیدگی کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے اس دفتر کو تباہ کردیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی غرض سے قائم کیاگیاتھا۔
یہ دفتر شمالی کوریا کی سرحدی حدود پر قائم کیاگیاتھا۔شمالی کوریا کی اس کارروائی کے بعد کورین خطے میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت برائے یونی فکیشن کا کہنا ہے کہ عمارت کو مقامی وقت کے مطابق دن دو بجکر انچاس منٹ پر ایک دھماکے سے اڑادیا گیا۔
ان کی جانب سے دھماکے اوراس کے نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔چینی خبررساں ادارے ژنہوا کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں عمارت سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس سے قبل شمالی کوریا نے مذاکرات کے تمام دروازے بند کرتے ہوئے اس دفتر کی تباہی کی دھمکی دی تھی۔
یہ دفتر 2018میں قائم کیاگیاتھا تاہم شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کے پالیسی ساز بننے کے بعد سے شمالی کوریا کی جانب سے سخت پیغامات میں اضافہ ہوا ہے۔