سندھ میں کورونا وائرس نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 48 افراد کی جانیں لے لیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 964 ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 2286 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 62 ہزار 269 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 1395 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 49 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 49 ہزار630 ہوگئی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب 118 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 93 ہو گئی ہے۔
ملک بھر میں کرونا کیسزکی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے تجاوز
ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 358 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 118 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 59 ہزار 215 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 60 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 59 ہزار 983، خیبرپختونخوا میں 19 ہزار 613، بلوچستان میں 8 ہزار 794، اسلام آباد میں 9 ہزار 637، آزادکشمیر میں 740 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 213 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 202 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 916، خیبر پختونخوا میں 755، اسلام آباد میں 94، گلگت بلتستان میں 18، بلوچستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 15 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 500 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 82 ہزار بارہ ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔