گھوٹکی میں ریلوے اسٹیشن کے قریب دکان میں دھماکے سے رینجرز اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق اورکئی زخمی ہوگئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایس پی گھوٹکی کا کہنا تھا کہ رینجرزاہلکار مارکیٹ میں گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا، گھوٹا مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رینجرز کی موبائل کے قریب ہونیوالے دھماکے میں رینجرزکے دو جوان شہید ہوگئے ہیں۔
ڈی ایس پی گھوٹکی حافظ قادرکے مطابق دھماکے میں ایک رینجرزاہلکاراورایک شہری بھی زخمی ہوا جنہیں فوری طبی امداد کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ڈی ایس پی گھوٹکی کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
لاڑکانہ میں بھی شرپسندوں نے کارروائی کی اور وی آئی پی روڈ پر واقع رینجرز پبلک اسکول کی چوکی پر کریکر حملہ کیا جس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
رینجرز ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند ہونے کے باعث سٹاف اور بچے موجود نہیں تھے۔ موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے وی آئی پی روڈ پر واقع رینجرزچوکی پرکریکر پھینکا اور فرار ہوگئے تاہم کریکر پھٹنے سے چوکی کو جزوی نقصان پہنچا پر خوش قسمتی سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوسکا۔
واقعے کے بعد رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیر لیا اورعلاقے کی ناکہ بندی بھی کی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔