دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔فائل فوٹو
دھماکے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔فائل فوٹو

 کراچی میں احساس پروگرام کے دفترپر بم حملہ۔ایک شخص جاں بحق،8زخمی

کراچی میں لیاقت آباد نمبر10 کے قریب کریکر حملہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کریکر حملہ احساس پروگرام کے دفتر کے قریب ہوا، احساس پروگرام کے تحت رقم تقسیم کی جا رہی تھی کہ نامعلوم حملہ آور پل کے اوپر سے دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، زخمیوں کو فوری طورپرعباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

احساس پروگرام کا دفتر ریاض کالج میں قائم کیا گیا تھا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی جبکہ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں 26 سالہ محمد سلیم، 40 سالہ روشن علی، 29 سالہ ذیشان، 28 سالہ فیضان منظور، 50 سالہ نارائین کان جی اور 50 سالہ صابر حشمت شامل ہیں۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت کاشف کے نام سے ہوئی ہے جو ناظم آباد کا رہائشی تھا جس کی عمر 25 سال ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد جمع کیے جب کہ واقعہ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل آج صبح  سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب دھماکے سے ایک شہری اور 2 رینجرز اہلکارجاں بحق ہوگئے تھے۔