سندھ حکومت نے سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے نئے ایس او پیز جاری کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے سرکاری دفاترمیں کام کرنے والے ملازمین کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں جس کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں رش کم کرنے کے لیے ملازمین کو محدود تعداد میں بلایا جائے گا۔
چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کو 15 روزہ روٹیشن میں بلایا جائے گا، ملازمین 15 دن گھروں سے کام کریں گے اور15 روز دفاتر میں آنا ہوگا، جب کہ دائمی مرض میں مبتلا ملازمین گھروں میں رہ کر فرائض انجام دیں گے، اورافسران کو آئیسولیشن کی چھٹی لینے کے لیے کورونا مثبت کی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق سرکاری دفاتر میں تمام ایس او پیزپرعملدرآمد لازمی ہوگا، ملازمین کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا، سندھ سیکریٹریٹ آنے والے وزیٹرزکو مرکزی گیٹ پر روکا جائے گا، سیکریٹریٹ آنے کی ٹھوس وجوہات پر صرف متعلقہ دفتر تک جانے کی اجازت ہوگی۔