لندن میں کاؤنٹی برک شائرکے علاقے ریڈنگ کے ایک پارک میں نامعلوم شخص کی جانب سے چاقو کے وار سے3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوب مشرقی لندن کی کاؤنٹی برک شائر میں نامعلوم شخص نے ریڈنگ کے ایک پارک میں چاقو سے متعدد حملے کیے جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 افراد کی حالت تشیوشناک بتائی جارہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نامعلوم شخص کی جانب سے حملہ اس وقت کیا گیا جب ’بلیک لائیوز میٹرز‘ تحریک کے حوالے سے احتجاج کیا جارہا تھا تاہم ایک عینی شاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ احتجاج ختم ہونے کے تقریباً 3 گھنٹے بعد کیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 25 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے بارے میں یہ خیال ہے کہ اس کا تعلق لبیا سے ہے جبکہ انسدادِ دہشت گردی کے محکمے سے تعلق رکھنے والے افسران اس وقت جائے وقوعہ پر موجود ہیں تاہم حملوں کے مقاصد کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم برس جانسن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردی حملے میں متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ ہیں۔