فرانس کی ایک عدالت نے 39 سالہ ترک شہری کو اپنی بیوی کو سر عام چاقو کےوار کرکے ہلاک کرنے کا جرم ثابت ہونے پر25 سال قید کی سزا سنادی۔
ملزم نے 2017ء کو اپنی بیوی کو فرانس میں اس وقت چاقو کے حملے میں ہلاک کردیا تھا جب اس اس نے شوہر سے طلاق کا مطالبہ کیا تھا۔
وسطی فرانس کے لوار شہر میں فوجداری عدالت کے سامنے تین روزہ مقدمے کی سماعت کے بعد جیوری نے سرکاری وکیل مارکو اسکاٹچیمارا کی درخواستوں پرعمل کرتے ہوئے ملزم کو25 سال قید کی سزا کا حکم دیا اس کے ساتھ ساتھ چھ سے13 سال کی عمرکے چار بچوں کی کفالت کی ذمے داری بھی عائد کی گئی ہے۔
ملزم کی شناخت ایوب قنطارکے نام سے کی گئی ہے۔ اس نے اپنی بیوی 34 سالہ ہولیا کو قتل کرنے کے علاوہ اہلیہ کے دوست کو بھی جان سے مارنے کی کوشش کی تھی۔ قنطارنے 12 اور13 اگست 2017ء کی رات زبردستی گھر میں داخل ہونے کے بعد بیوی کےآشنا پر15 بارچاقو سے وارکیا۔
اسے شدید زخمی کرنے کے بعد وہ اپنی بیوی کا تعاقب کرنے نکلا جو گھر سے فرار ہوگئی۔گلی کے وسط میں عینی شاہدین کے سامنے اس نے اسے بالوں سے پکڑ لیا اور27 بار اس پر چاقوکے وار کیے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔