سعودی وزیر حج ڈاکٹر صالح بن بنتن نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حج سے متعلق فیصلے سے باضابطہ آگاہ کیا۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق کورونا وبا کے باعث سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کرلی ہے، اس سال صرف سعودی شہری اوراقامہ ہولڈر ہی حج ادا کریں گے۔
ترجمان مذہبی امور عمران صدیقی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزارت مذہبی امورعازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر، سفارتی عملہ اور پاکستان حج ڈائریکٹوریٹ اس سال حج میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔
وزارتِ مذہبی امور نے نئی صورت حال کے پیش نظر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، جس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا، ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں امسال سفیراور سفارتی عملہ حج میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ تقریباً 25 لاکھ کے قریب افراد ہر سال حج کی سعادت حاصل کرنے مختلف ممالک سے جاتے ہیں تاہم کرونا کی وجہ سے رواں سال یہ ممکن نہیں ہو سکے گا، خلیج ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق رواں سال حج انتہائی محدود تعداد میں حجاج کرام کے ساتھ ہوگا، یہ فیصلہ عازمین حج کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos