پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات سے متعلق کیس میں رپورٹس جمع نہ کرانے پرسندھ ہائیکورٹ برہم ہوگئی اورسول ایوی ایشن حکام کو نوٹس جاری کردیے،جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کیاوکیل تحقیقاتی رپورٹ بغل میں لےکربیٹھے ہیں؟۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،تحقیقاتی رپورٹ پیش نہ کرنے پرسندھ ہائیکورٹ سول ایوی ایشن پربرہم ہو گئی،عدالتی معاون نے کہاکہ ٹیسٹنگ کے بعد سی اے اے پائلٹس کو لائسنس جاری کرتی ہے،اے ٹی آر طیارہ حادثے کی رپورٹ آج تک عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی۔
جسٹس عمر سیال نے کہاکہ سی اے اے کی جانب سے نہ کوئی پیش ہوا اور نہ تحریری جواب جمع کرایا گیا،جونیئر وکیل نے کہاکہ پی آئی اے کے وکیل جواد سروانہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں،جسٹس عمر سیال نے کہاکہ کیاوکیل تحقیقاتی رپورٹ بغل میں لےکربیٹھے ہیں؟،عدالت نے استفسارکیاکہ طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ کیوں جمع نہیں کرائی گئی؟۔
عدالت نے سول ایوی ایشن کوازسرنو نوٹس جاری کردیے،عدالت نے سول ایوی ایشن حکام کوآئندہ سماعت پرجواب جمع کرانےکاحکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت جولائی کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔