عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے تک دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ سکتی ہے ،،، اگرچہ متعدد متاثرہ علاقوں میں یہ وبا ابھی تک نقطہ عروج پر نہیں پہنچی ۔ کرونا وائرس کے مجموعی کیسوں میں آدھی تعداد دو براعظموں شمالی اور جنوبی امریکا میں سامنے آئی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسوس نے بدھ کی شام ایک وڈیو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ "اس وبا کے پہلے ماہ کے دوران عالمی ادارہ صحت نے 10 ہزار متاثرین کا اندراج کیا جب کہ گذشتہ ماہ کے دوران 40 لاکھ کیسوں کا اندراج ہوا۔ تاہم توقع ہے کہ آئندہ ہفتے تک دنیا بھر میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی”۔
ادھرعالمی ادارہ صحت میں ہنگامی صورت حال کے ڈائریکٹر مائیکل رائن نے خبردار کیا ہے کہ براعظم امریکا کے علاقوں میں کوویڈ-19 کی وبا بھرپور طور سے پھیل رہی ہے۔ بالخصوص وسطی امریکا اور جنوبی امریکا میں ،،، یہ وبا ان میں سے کئی ممالک میں ابھی تک نقطہ عروج پر نہیں پہنچی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ متاثرین کی تعداد میں تیزی سے ہونے والا اضافہ تشویش کا باعث ہے .. بہت سے ممالک میں گذشتہ ہفتے کے دوران کرونا کے کیسوں میں 20 سے 25% اضافہ سامنے آیا۔
عالمی ادارہ صحت ایک سے زیادہ مرتبہ باورکرا چکا ہے کہ ایسے اقدامات کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے جو اس متعدی بیماری پر روک لگا سکیں۔ان اقدامات میں سماجی فاصلہ، ہجوم اور اجتماع میں اکٹھا ہونے کو کم کرنا، ماسک پہننے اور ہاتھوں کو دھونے کی مستقل پابندی کرنا اور سینی ٹائزر کا مسلسل استعمال شامل ہے۔