پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان سے مقابلے میں 4 سیکیورٹی گارڈ ،ایک پولیس کا سب انسپکٹراورایک شہری شہید ہوگیا، فائرنگ کے نیجے میں 7افراد زخمی ہوئے جوسول ہسپتال میں منتقل کیے گئے۔
مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر5 منٹ پر4 کار سوار دہشت گرد پاکستان کی وال اسٹریٹ کہلانے والی آئی آئی چندریگر روڈ سے متصل گلی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج پہنچے اورانہوں نے گاڑی پارکنگ میں چھوڑکراسٹاک ایکسچینج میں داخلے کی کوشش کی تو ابتدا میں ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، مرکزی دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں اورنجی سکیورٹی گارڈ نے بھرپور مزاحمت کی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 سکیورٹی گارڈ، ایک پولیس افسر،ایک شہری شہید اور تین اہلکار زخمی ہوگئے تاہم دو حملہ آور بھی مارے گئے۔
باقی ماندہ دو حملہ آوروں نے اندر داخل ہوکر ٹریڈنگ ہال کے باہر دستی بم پھینکا اور فائرنگ شروع کردی، تاہم سندھ پولیس کا صدر دفتر قریب ہی ہونے کے باعث پولیس اور رینجرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ دہشت گردوں سے آدھے گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس میں دونوں دہشت گرد ہلاک اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی سٹی مقدس حیدرنے بتایا کہ ایک افسرکی شہادت کے علاوہ پولیس کا ایک آفیشل زخمی بھی ہے ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالوں میں چاردہشتگرد شامل ہیں، وہ دستی بم حملے کے بعد پارکنگ کے ذریعے اندر جانے کی کوشش کررہے تھے، دہشتگرد کار میں آئے اوران کے قبضے سے گولہ بارود اورجدید اسلحہ بھی تحویل میں لے لیاگیا، آج کاروباری ہفتے کا پہلا دن ہے، دو ہزارکے قریب لوگ موجود تھے.
سندھ رینجرزکے مطابق اسٹاک ایکسچینج حملے میں ملوث تمام افراد افراد مارے جاچکے ہیں، کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔اسٹاک ایکسچینج کے اعلامیہ کے مطابق حملہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے کمپائونڈ میں کیا گیا، صورتحال کنٹرول میں ہے ، تفصیلی صورتحال سے کچھ دیر بعد آگاہ کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے کسی سیکیورٹی ایجنسی کی وردیاں پہن رکھی تھیں، واقعے کے بعد آئی آئی چند ریگر روڈ بند کردیا گیا۔ پولیس کارروائی میں سامنے آنیوالے چاروں دہشتگرد مارے گئے ، ممکنہ طورپران کے کور میں کچھ لوگ ہوتے ہیں، ان کی تلاش کیلیے سرچ آپریشن جاری ہے جس میں مسلح افواج کے اہلکار بھی شامل ہیں، اس کے قریب سٹی ریلوے کالونی وغیرہ جانیوالے راستوں پر بھی تلاشی کا عمل جاری ہے۔
دو دہشت گرد دستی بم حملے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے حال میں داخل ہوگئے تھے تاہم ان کے بیک میں موجود دو دہشتگرد دروازے پر ہی مارے گئے ، گاڑی میں سی سی ٹی وی کی مدد سے چار دہشتگردوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جو چاروں مارے جاچکے ہیں۔
اسٹاک ایکسچینج کی پوری عمارت کو سیل کردیا گیا ، وہاں موجود لوگوں کو شناخت کے بعد نکال لیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں موجود ایمبولینسوں کو بھی موقع سے ہٹا دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق حملے کے بعد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ، اسٹاک ایکسچینج کے باہر دستی بم حملے کیا گیا،سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس حملے سے ایسا لگتا ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے ریکی کی جس کے بعد پوری عمارت پر دھاوا بولا جانا تھا لیکن سیکیورٹی اداروں نے یہ کاوش ناکام بنادی، انٹیلی جنس اطلاعات ایسی تھیں کہ سائوتھ زون میں حملہ ہوسکتاہے لیکن ایسا واضح نہیں تھا کہ ہدف سٹاک ایکسچینج ہی ہوسکتی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردوں کے پاس فولڈنگ بیگز تھے جو اسلحہ سے بھرے تھے، ٹی ٹی پستول اور اے کے 47 سے سیدھی فائرنگ کرتے آرہے تھے۔