پولیس اوررینجرزنے مشترکہ کارروائی کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے کو ناکا م بنا دیاہے جس پرآئی جی سندھ نے دہشتگردوں سے لڑنے والے اہلکاروں کیلیے 20 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملےکے مترادف ہے۔مراد علی شاہ نے پولیس اور رینجرزکی طرف سے بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وبائی صورتحال کے پیش نظرملک دشمن عناصر ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید چوکس رہیں۔
واضح رہے کہ آج (پیر) صبح 10 بجے کے قریب 4 دہشتگردوں نے پہلے اسٹاک ایکسچینج کے گیٹ پر دستی بم حملہ کیا اور پھراندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ایک پولیس اہلکاراوراسٹاک ایکسچینج کے 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے۔