مسافر پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔فائل فوٹو
مسافر پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی پہنچا تھا۔فائل فوٹو

یورپ نے پی آئی اے کیلیے دروازے بند کر دیے

یورپین یونین کی ائیرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان ایئرلائن کا یورپی ممالک کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ 6 ماہ کے لیے معطل کردیا جس کے بعد پی آئی اے کی یورپ جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں تاہم حکومت پاکستان کی کاوشوں سے قومی ایئرلائن کو3 جولائی تک پروازیں جاری رکھنے کی مہلت مل گئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کی طرف سے پی آئی اے کے یورپی ممالک کیلیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو6 ماہ کیلیے معطل کردیا گیا جس کا اطلاق یکم جولائی رات12بجے یونیورسل ٹائم(یو ٹی سی) کے مطابق ہوگیا تاہم اس فیصلے کے خلاف اپیل دائرکی  جاسکے گی۔ اس سلسلے میں حکومتی اورانتظامیہ کی جانب سے اقدامات کے نتیجے میں اس معطلی کو جلد ازجلد بحال کروایا جا سکےگا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کی تمام پروازیں عارضی طورپرمنسوخ ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے کی بکنگ رکھنے والے مسافر اسے مؤخر کرواسکتے ہیں یا چاہیں تو ریفنڈ حاصل کرلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے ادارے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔  امید کرتے ہیں کہ حکومت اورانتظامیہ کے اقدامات کے نتیجے میں یہ معطلی جلد ختم ہوجائے گی۔

ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق حکومت پاکستان کی کاوشوں سے یورپین یونین نے پی آئی اے کو 3 جولائی تک پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ سیکریٹری خارجہ نے ہنگامی طور پر تمام یورپین ممالک کے سفیروں سے رابطہ کیاجس کے بعد پی آئی اے کو یکم تا 3 جولائی برطانیہ اور یورپ اترنے اور اوور فلائینگ کی تا حکم ثانی اجازت مل گئی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ، وزارت خارجہ اور پاکستان کے سفیر مسلسل یورپین حکام سے رابطے میں ہیں، پی آئی اے کی اسلام آباد تا لندن اور واپسی کی پروازیں پی کے 785 اور 786 معمول کے مطابق آپریٹ ہوں گی۔ دیگر پروازیں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔