اسد عمرنے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں کورونا کی صورتحال بہتر نہیں، اسمارٹ لاک ڈاؤن سے مریضوں کی تعداد میں کمی ہوئی، ایس او پیز پر عمل درآمد سے وبا کا پھیلاؤ کم ہوگا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ایس او پیز پرعمل درآمد سے متعلق ہر ہفتے جائزہ لیا جاتا ہے، ایس او پیز پرعملدرآمد کیلیے صوبوں نے بڑے پیمانے پرکارروائیاں کیں، صوبوں کو 20 ہاٹ اسپاٹ ایریازکی نشاندہی کرکے بتایا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں وبا میں کمی کے بعد دوبارہ اضافہ ہوا، امریکا میں وبا کم ہونے کے بعد دوبارہ تیزی سے پھیلی، بے احتیاطی برتی گئی تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا وینٹی لیٹر پر جون کے وسط کی نسبت مریض کم ہیں، آپ نے عمل درآمد بہتر بنایا جس سے وبا کا پھیلاؤ کم ہوا، ایس او پیز پر عمل درآمد سے کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، حفاظتی تدابیر اپنائی تو جولائی کے آخر تک تعداد 4 لاکھ سے بھی کم ہوگی۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی۔