پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں پھاٹک پر ٹرین کوسٹر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 20 سکھ یاتری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق حادثہ فاروق آباد اور بحالی ریلوے اسٹیشن کے قریب بغیر پھاٹک والی ریلوے کراسنگ پر پیش آیا، ریسکیو حکام کے مطابق سکھ یاتری پشاور سے سچا سودا جا رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں سے بھری ویگن تیزر فتارٹرین کی زد میں آگئی جس سے گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔
ڈی پی او شیخوپورہ نے حادثے میں 20 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ویگن میں سکھ یاتری سوار تھے اور یاتری روڈ پر ریلوے کراسنگ پر گاڑی شاہ حسین ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
حادثےمیں زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور وہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ زخمیوں کو ہنگامی بنیادوں پر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے اور مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ریسکیوذرائع کے مطابق شاہ حسین ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی اور حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سکھ یاتری بھی شامل ہیں۔
ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ متعلقہ ڈی ای این کو فوری طور پرمعطل کردیا گیا ہے اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے دیگر ذمے داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا شیخوپورہ ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پراظہارافسوس کیا اورزخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے۔