سندھ حکومت نے سابق چیئرمین فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی نثار مورائی، بلوچ امن کمیٹی کے سربراہ عزیربلوچ اور بلدیہ فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹس پبلک کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تینوں جے آئی ٹیز رپورٹس پیرکو پبلک کریں گے اور سندھ حکومت کی ویب سائٹ پر یہ دستیاب ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیربرائے بحری امور علی زیدی نے قومی اسمبلی میں عزیربلوچ جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی قیادت پر بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے۔علی زیدی اپنے محکمہ سے متعلق جوا ب دینے سے قاصر ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی میں پیپلزپارٹی قیادت کانام نہیں ہے۔ جے آئی ٹی پر تمام اداروں کے افسران کے دستخط موجود ہیں۔ سندھ حکومت تمام جے آئی ٹیز کو پبلک کرے گی۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ علی زیدی کو چیلنج کرتا ہوں کہ جے آئی ٹی میں پیپلزپارٹی قیادت کا ذکر بتائیں۔ ملک کے فیصلے کون کررہاہے؟کسی کو علم نہیں۔ علی زیدی کاغذات پڑھنے کے بجائے صرف تبصرے کرتے ہیں۔ اگر علی زیدی چاہیں تو ان کو تمام دستاویزات بھجوا دیتا ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علی زیدی عزیر بلوچ اور نثار مورائی جے آئی آٹی پر بات کر تے ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کی ویب سائٹ پر رپورٹ کو پبلک کیا جائے گا۔ ریکارڈ کی درستگی کےلیے جے آئی ٹی رپورٹس کو پبلک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹیز میں جن جن کے نام ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ذوالفقار مرزا کے بیانات ریکارڈ پر ہیں ،کیا ان کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔ علی زیدی اپنے اتحادی ذوالفقار مرزا کے حوالے سے کچھ بتائیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ دہری شہریت پر کوئی وزیر بات نہیں کرتا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے ٹیکس سے متعلق وزیرنے غلط بیانی کی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گندم کے حوالے سے عوام کے ذہنوں میں سوالات ہیں۔ حکومت نے ابھی تک کوئی وعدہ وفانہیں کیا۔ ٹڈی دل سے فصلیں متاثر ہوگئی ہیں،حکومت نے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔ حکومتی اراکین اسمبلی فلور پر غیرذمہ دارانہ تقاریر کرتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان نے نوکری دینا تو دور اب سرکاری ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا۔ حکومت کی خاصیت ہے کہ کوئی وزیر اپنے محکمہ کاجواب نہیں دیتا۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پی آئی اے ملک کاادارہ ہے بین الاقوامی سطح پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔