قومی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر دفاع پرویزخٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پرغورکیا گیا اور قومی قیادت نے اس عزم کا اظہارکیا کہ ملک کی خودمختاری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے اور اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہارکیا گیا اور پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے۔ اجلاس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کو ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔