فردوس شمیم نقوی سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں نے کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کراچی میں روزانہ دو گھنٹے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما کراچی میں مسلسل لوڈ شیڈنگ کے خلاف میدان میں آ گئے، پریس کانفرنس کے دوران فردوس شمیم نقوی اورآفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دبا کراووربلنگ کی جا رہی ہے،عوام لوڈشیڈنگ سے تنگ آچکے، کمپنی کا معاہدہ پبلک کیا جائے۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کےالیکٹرک 600 میگا واٹ سے زیادہ نیشنل گرڈ سے لینے کی سکت نہیں رکھتا، کےالیکٹرک نے دبا کراووربلنگ کی ہوئی ہے،اس کے معاملات درست نہیں، کراچی کے بجلی کے نظام کیلیے کوئی اورراہیں ڈھونڈنی ہونگی۔ کراچی میں کے الیکٹرک کے مقابلے میں دوسری کمپنی لائی جائے۔
آفتاب صدیقی نے دھرنے کا اعلان کرتے ہوے کہا کہ پی ٹی آئی روزانہ 3 بجے سے 5 بجے کےالیکٹرک دفتر کے سامنے دھرنا دیا کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اووربلنگ کا سسٹم ختم کیا جائے اورکےالیکٹرک کامعاہدہ بھی پبلک کیا جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کے الیکٹرک کی جانب سے شہرکے مختلف علاقوں میں 6 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے سبب شہری شدید گرمی کے سبب پریشانی میں مبتلا ہیں۔