محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے بھرکی جیلوں میں 1196 قیدی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کی جاری رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر کی جیلوں میں 7 ہزار 660 قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1196 قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق بیشتر قیدیوں میں کورونا کی علامات موجود نہیں جبکہ 467 قیدی کورونا کے باعث جیل میں ہی قرنطینہ میں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کورونا سے اب تک ایک قیدی جان کی بازی ہار چکا ہے اور95 قیدیوں کے کورونا کے ٹیسٹ کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ کراچی سینٹرل جیل میں 905 قیدی کورونا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر سکھر جیل میں 141 قیدی کورونا کا شکار ہوئے اور سب سے کم تھرپارکر جیل میں ایک قیدی کورونا کا شکار ہوا۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ اب تک 1501 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔