محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ کہیں تیزاورکہیں ہلکی بارش ہوئی،شہرکے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے2افراد جاں بحق ہو گئے۔
ابر رحمت برستے ہی بچے اور بڑے سڑکوں پر نکل آئے اور بارش سے خوب لطف اندوز ہوئے۔حکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔
گلشن حدید، ملیر،لانڈھی ،ائیرپورٹ، ماڈل کالونئ ،سعود آباد، شاہ فیصل کالونی ،کورنگی،قیوم آباد۔ڈیفنس، کالاپل، صدر،شاہراہ فیصل اور دیگرعلاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بادل برس پڑے اور دیکھتے ہی دیکھتے ہی نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔
کراچی میں تیز بارش شروع pic.twitter.com/5QS5CpBSDH
— Samar Abbas 🇵🇰 (@Samarjournalist) July 6, 2020
گلستان جوہر، گلشن اقبال، لیاقت آباد،نارتھ ناظم آباد، رضویہ سوسائٹی ،عزیزآباد ميں بھی بارش ہوئی ، بارش ہوتے ہی شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی چلی گئی جبکہ پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے۔رواں مون سیزن کی پہلی بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوارہوگیا۔
آندھی سے کئی علاقوں میں مکانت کی چھتیں زمین بوس اوربجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں،کورنگی ابراہیم حیدری میں گھرکی چھت گرگئی، چھت کےملبےتلےدب کرایک شخص جاں بحق،دوسرازخمی ہوگیا،لیاقت آبادمیں بھی مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔
بارش سے نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع اورٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث شہریوں نے منٹوں کا سفرگھنٹوں میں طے کیا۔
کراچی میں بارش کی پہلی بوند سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ بارش سے نکاسی آب کا نظام بھی مفلوج ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
بارش ہوتے ہی کراچی میں 200 سے زائد فیڈرزٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کورنگی کراسنگ پرٹرانسفارمرمیں دھماکا ہوا جس سے علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا،ملیرسٹی،لانڈھی،شاہ فیصل کالونی،گلشن اقبال،پی آئی بی کالونی،سرجانی ٹاؤن،فیڈرل بی ایریا،کورنگی، کیماڑی اورنگی ٹائون اوردیگرعلاقوں میں بجلی بند ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کچھ علاقوں میں احتیاطی طورپربجلی کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تیزہواوَں کے باعث بجلی کے تاربھی ٹوٹے ہیں۔ بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں کی وجہ سے کرنٹ لگنے کا خدشہ ہے۔
شہر قائد میں بارش کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے قبل سسٹم کی بہتری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ زیر آب آنے والے علاقوں میں فوری نکاسی کا کام کرے۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری کسی بھی شکایت کیلیے 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ کےالیکٹرک کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں فیصل بیس کے اطراف 26 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ ناظم آباد میں 22، لانڈھی میں 3ملی میٹر اور کلفٹن کے اطراف میں 6 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 8 جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔