سعودی عرب کی حکومت نے ایامِ حج کے دوران کرونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے کے پیشِ نظر عازمینِ حج کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے
۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق حج کے دوران عازمین کے اجتماع اور ملاقاتوں پر پابندی ہو گی۔سعودی عرب نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث اس بار صرف ایک ہزار مقامی افراد کو ہی حج کی اجازت ہوگی۔
دنیا بھر سے لاکھوں عازمین ہر سال حج کے لیے سعودی سعودی عرب جاتے ہیں۔ سعودی ریاست کے قیام کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ حج کو محدود کیا گیا ہے۔انیس جولائی سے شروع ہونے والے حج کے لیے سعودی عرب کے سینٹر فار ڈیزیز پریونشن اینڈ کنٹرول نے پیر کو ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق عازمین کعبہ کو ہاتھ نہیں لگا سکیں گے اور حجرِ اسود کو چھونے پر بھی پابندی ہو گی۔
عازمین پرلازم ہو گا کہ وہ مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران ایک دوسرے سے کم از کم ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھیں۔ہدایت نامے کے مطابق عازمین نماز کی ادائیگی اور طواف کعبہ کے دوران بھی سماجی دوری کی احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
ایامِ حج کے دوران منیٰ، مزدلفہ اورعرفات میں صرف انہی افراد کو جانے کی اجازت ہو گی جن کے پاس پرمٹ ہوں گے۔عازمین اور منتظمین کو مسجد الحرام کے علاوہ دیگر مقدس مقامات پر بھی ہر وقت ماسک پہننا لازم ہو گا۔