ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے وارننگ دی ہے کہ دنیا بھر میں کوویڈ۔ 19 انفیکشن کا بدترین دور آنا ابھی باقی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریسس نے کہاکہ مہلک وبا کا قہر تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہم واضح طورپراس وبا کی انتہا پر نہیں پہنچ سکے۔
عالمی سطح پر اموات کی تعداد کم ہوتی دکھائی دے رہی ہے لیکن حقیقت میں صرف چند ممالک نے مرنے والوں کی تعداد کم کرنے میں اہم پیشرفت کی ہے جبکہ دوسرے ممالک میں اموات میں ابھی بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے منگل کے روز ڈبلیو ایچ او کی باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہفتے کے آخر میں دنیا بھر میں کورونا انفیکشن کے 400،000 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ اب تک دنیا بھر میں کورونا کے 1.14 کروڑ معاملات سامنے آئے ہیں اور5.48 لاکھ سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بیماری کے ابتدائی مرحلے سے ہی کہتے آرہے ہیں کہ یہ وائرس بہت خطرناک ہے اور ہم نے اس وائرس کو ابتداء سے ہی لوگوں کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا ہے۔ اس کے دو خطرناک امتزاج ہیں، اول یہ کہ یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور دوسرا یہ کہ اس سے موت ہوسکتی ہے، اسی لئے ہم فکرمند تھے اور دنیا کو مسلسل احتیاط برتنے کے لیے کہہ رہے تھے۔