امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد بالآخر پہلی بارعوام میں ماسک پہن ہی لیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن کے قریب والٹر ریڈ فوجی اسپتال کے دورے کے موقع پر ماسک پہنا۔ انہوں نے زخمی سپاہیوں کی عیادت کی اورطبی اہلکاروں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ماسک پہننے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی ماسک پہننے کے خلاف نہیں رہا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس کے لیے صحیح وقت اورجگہ ہوتی ہے، جب آپ اسپتال میں ہوں اور بہت سارے لوگوں سے واسطہ پیش آرہا ہو جن میں سے بعض تو ابھی کورونا سے صحت یاب ہوئے ہوں، تو ایسے میں تو ماسک پہننا بہت اچھی بات ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں جنوری میں کووڈ 19 کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں تیزی سے یہ وبا پھیلی اوراب تک ساڑھے 33 لاکھ کیسز سامنے آچکے ہیں اورایک لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اتنی مہلک وبا کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ اب تک ماسک پہننے سے گریز کرتے رہے اور کہتے تھے کہ وہ ماسک نہیں پہنیں گے۔