پاکستان تحریک انصاف نے سندھ حکومت کےخلاف قومی احتساب بیورو (نیب) میں جانے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کیخلاف نیب میں بے ضابطگیوں پر درخواست جمع کراؤں گا، ہم میں سے کوئی بھی مسٹر ٹین پرسنٹ نہیں، سندھ حکومت کو تمام لینڈ مافیا کی معلومات ہے لیکن وہ ان پر کیس نہیں بنا سکی۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ظالم حکومت ہے، میں سندھ حکومت کے خلاف نیب میں مقدمہ درج کروں گا، دیکھتے ہیں نیب کیا کرتا ہے، سندھ میں جوکام ہوتاہے اس میں 52 فیصد رشوت لی جاتی ہے، یہ کراچی کو کچھ نہیں دیں گے صرف پیسہ لوٹیں گے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے پی ٹی آئی کسی کو تحقیقات سے نہیں روکتی، میرے خلاف تحقیقات ہوگی تو خیر مقدم کریں گے، نیب جب بھی بلائے گا ہم جائیں گے، میری ایک ایک چیز قانون کے مطابق ہے کوئی چیز غیر قانونی نہیں، ابھی تک مجھے نیب کا کوئی نوٹس نہیں ملا، صرف شکایت ہے۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے ایک روپے کی کرپشن یا زمینوں پر قبضہ ثابت نہیں ہوا، پیپلزپارٹی کے لوگوں نے ملیر میں زمینوں کی بندر بانٹ کر رکھی ہے، سندھ میں جوکام ہوتا ہے اس پر رشوت لی جاتی ہے، ملیر میں جو کچھ بھی ہوا اس پر جے آئی ٹی بنائی جائے۔