جرمین بلیک ووڈ نے ذمے دارانہ اننگز کھیلی۔فائل فوٹو
جرمین بلیک ووڈ نے ذمے دارانہ اننگز کھیلی۔فائل فوٹو

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ ویسٹ انڈیزنے جیت لیا

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیزنے انگلینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دیدی۔

ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 200 رنز کا ہدف بلیک ووڈ کی شاندار95 رنز کی بدولت چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے27 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر جرمین بلیک ووڈ نے ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور 95 رنز بناکر فتح میں نمایاں کردار ادا کیا اور روسٹن چیز نے 37 اور ڈاورچ نے 20 رنز بنائے جبکہ کپتان جیسن ہولڈر 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

شینن گیبریئل نے میچ میں 9کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس پر انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ جیت کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچرنے تین جبکہ کپتان بین اسٹوکس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں میزبان ٹیم انگلینڈ 318 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔انگلینڈ کی جانب سے کراولی 76 اور سیبلی 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیزکی جانب سے شینن گیبریل نے پانچ، روسٹن چیزاورالزاری جوزف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلش ٹیم نے ٹیسٹ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز15 رنز بنا کسی نقصان سے آگے بڑھائی تو اوپنرز نے زبردست آغاز فراہم کرتے ہوئے 72 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنالیے تھے تاہم اختتامی اوورز میں ویسٹ انڈین بولرز نے شاندارکم بیک کیا اور 279 رنز تک 8 بلے بازوں کو پویلین پہنچا دیا۔

انگلش ٹیم کی پہلی اننگزکے 204 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم 318 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی اور اسے  114 رنز کی برتری حاصل تھی۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم 204 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان اسٹوکس نے 43، بٹلر نے 35، بیس نے ناٹ آؤٹ 31 اور برنس نے 30 رنز بنائے تھے جبکہ ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر نے 42 رنز کے عوض 6 اور گیبریئل نے 62 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور318 رنز بناکر 114 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے اوپنر بریتھویٹ نے 65، ڈوریچ نے 61 اور روسٹن چیز نے 47 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے کپتان اسٹوکس نے 4، اینڈرسن نے 3، بیس نے 2 اور ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی تھی جبکہ جوفرا آرچر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے تھے۔