وزیراعظم عمران خان نے دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ کا دورہ کیا اورکام کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کو بھاشا ڈیم سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی دورے کے موقع پر موجود تھے۔
وفاقی وزرا فیصل واوڈا،علی امین گنڈا پور، سینیٹر فیصل جاوید، معاون خصوصی شہبازگل بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
شرکا کو بھاشا ڈیم منصوبے اور پانی کی افادیت کے بارے میں بنائی گئی خصوصی ڈاکیو منٹری بھی دکھائی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ میگا منصوبے سے ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔
ترجمان کے مطابق دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ اپنی تعمیر کے مرحلے میں ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران دو بڑے ڈیمز مہمند اور دیا مر بھاشا پرکام شروع ہو چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی واٹر، فوڈ اور انرجی سیکیورٹی کیلیے نہایت اہم منصوبہ ہے، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ 2028-29 میں مکمل ہوگا۔
ڈیم میں 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی کے ذخیرے سے 12 لاکھ 30 ہزارایکڑ اضافی زمین سیراب ہو سکے گی۔ دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 18 ارب یونٹ پن بجلی فراہم کرے گا۔