تربت بازار میں بم دھماکے سے ایک شخص کے جاں بحق،8زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایاکہ دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور8 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زخمی ہونے والوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دھماکہ ایک گاڑی کے قریب ہوا جس کے بعدقریبی گاڑیوں کوآگ لگ گئی جبکہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں اور دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
دھماکہ بارودی مواد سے کیا گیا جسے ممکنہ طور پرکسی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا جس سے املاک کو نقصان پہنچا۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ ایک پلانٹڈ دھماکا تھا۔ مزید تحقیقات کی جائیں گی جب کہ دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے بھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
وزیرداخلہ بلوچستان ضیا اللہ لانگو نے تربت میں بم دھماکے مذمت کرتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت نہیں۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ فیصلہ کن ہے۔