سسٹر روتھ لیوس 9 جولائی سے ہسپتال میں داخل تھیں۔فائل فوٹو
سسٹر روتھ لیوس 9 جولائی سے ہسپتال میں داخل تھیں۔فائل فوٹو

دارالسکون کی انچارج سسٹر روتھ لیوس کورونا سے انتقال کرگئیں

کراچی میں ذہنی اور جسمانی معذورافراد کا علاج کرنے اور بے گھر افراد کو رہائش فراہم کرنے والے ادارے دارالسکون کی انچارج سسٹر روتھ لیوس کورونا وائرس سے انتقال کرگئیں۔

اس حوالے سے دارالسکون نے ایک بیان میں کہا کہ سسٹر روتھ لیوس کی عمر 77 برس تھی اور ان کا انتقال پیر (20 جولائی) کی رات کو ہوا۔

دارالسکون کے ہیومن ریسورسز مینیجر طارق سیموئیل نے کہا کہ سسٹر روتھ لیوس 9 جولائی سے ہسپتال میں داخل تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دارالسکون میں 21 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے لیکن سسٹر روتھ لیوس ان کی خدمت کرتی رہیں۔

ہیومن ریسورسز مینیجر نے کہا کہ 8 جولائی کو ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور ایک روز بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

دارالاسکون انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سسٹر رتھ لیوس دارالسکون کی بانیان میں سے تھیں، ان کا گزشتہ رات انتقال ہوا ہے، اور مرحومہ کی آخری رسومات کل دوپہر 2 بجے خداداد کالونی کے کرائسٹ دی کنگ چرج میں ادا کی جائیں گی۔

دارالسکون کے فیس بک پیج پر جاری ایک بیان میں انتظامیہ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔