کراچی کے علاقے جٹ لائن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی غلام محمد جاں بحق ہو گئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملزمان کی جانب سے پولیس افسر پر دو گولیاں چلائی گئی تھیں۔ ایک گولی گردن میں سےگزر کر سر میں لگی جس کے باعث غلام محمد کی موت واقع ہوئی۔
فائرنگ کی یہ واردات پان کے ایک کیبن پر ہوئی جہاں مقتول افسر سگریٹ یا پان لینے کیلیے رکے تھے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے۔
عینی شاہدین کےمطابق موٹرسائیکل پر سواردو ملزمان نے پولیس افسرکے پاس آکر پوچھا کہ’کیا آپ ہمیں جانتے ہیں‘جس کے بعد فائرنگ کردی۔
جاں بحق پولیس افسرالٹی میدان تھانے میں شعبہ تحقیق سے وابستہ تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جارہی ہے اور بہت جلد ملزمان کو گرفتارکرلیا جائے گا۔