وزیراطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ وزیر قانون کو کلبھوشن کا کیس لڑنے کے لیے پھر مستعفی ہونا پڑے گا۔
وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں چیئرمین بلاول بھٹو کی بات کی اہمیت ہے۔
ناصرحسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے خلاف احتجاج شروع کیا جائے گا،ایک وفاقی وزیر نے تیسری بارحلف اُٹھایا ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ اطلاعات ہیں کہ ایک مرتبہ پھر قابل وکیل کواستعفیٰ دینا پڑے گا، وزیرقانون کو کلبھوشن کا کیس لڑنے کے لیے پھر مستعفی ہونا پڑے گا۔
ناصرشاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے متعلق سوالات کا خود جواب دیں، سیاسی بونے اورمسخرے سامنےلائے جاتے ہیں اور پھران کےبونے سندھ کی عظیم ثقافت پرحملےکرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول غلط پالیسیوں کے خلاف بات کرتے ہیں تو ان کوآگ لگتی ہے، ہم پاکستانی ہیں پاکستان کارڈ کھیلتے ہیں، ہم سندھ کارڈ نہیں سندھ کاز کی بات کررہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ شفافیت سے نالوں کی صفائی ہورہی ہے، نالوں سے جتنا کچرہ نکلے گا اس کا وزن ہوگا، تین فریق اس کی ناپ تول کریں گے پھر ادائیگی ہوگی۔
وزیراطلاعات سندھ کا کہنا ہے کہ ایس اوپیز پرعمل کرتے ہوئے وفاق کی نااہلی کےخلاف احتجاج کریں گے، شرم آنی چاہیے کہ سندھ کی قدیم ثقافت پر حملہ کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر احتجاج کےلیے نکلنا پڑا تو ایس اوپیز کے ساتھ باہرنکلیں گے۔