ضیا الرحمن کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے کچھ سوالوں کے جوابات دینے ہوں گے۔فائل فوٹو
ضیا الرحمن کو تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے کچھ سوالوں کے جوابات دینے ہوں گے۔فائل فوٹو

وفاق نے مولانا فضل الرحمن کے بھائی کی خدمات واپس لے لیں

وفاق نے مولانا فضل الرحمن کے بھائی کی سندھ حکومت کودی گئی خدمات واپس لے لیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے بھائی انجینئرضیاء الرحمان کی تقرری کے معاملے کے بعد وفاق نے سندھ حکومت کودی گئی خدمات واپس لے لیں۔ اس متعلق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

محکمہ اسٹیبلشمنٹ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کولکھے گئے خط میں کہا کہ کیڈرافسران کی کمی کے باعث ضیاء الرحمن کی خدمات صوبے کے حوالے کی جائیں۔

ضیا الرحمن کا تعلق صوبائی مینجمنٹ سروس خیبر پختونخوا سے ہے۔ ان کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کی گئی تھیں، اُنہیں تاحکم ثانی فرحان غنی کی جگہ ڈپٹی کمشنرضلع وسطی تعینات کیا گیا تھا جبکہ فرحان غنی کا تبادلہ کرکے ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ مقررکردیا گیا تھا۔

قبل ازیں تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا سول سروس افسر ضیا الرحمن کی کراچی میں تعیناتی کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کراچی میں انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو روز قبل جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن کے بھائی کو کراچی کے ضلع وسطی کا ڈپٹی کمشنر تعینات کردیا گیا ہے، انہیں خیبر پختونخوا سے امپورٹ کیا گیا ہے، یہ سندھ کے کیڈر افسران کے ساتھ زیادتی ہے، کیا سندھ میں افسر ختم ہوگئے تھے یا سندھ بنجر ہوگیا تھا۔