پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 5 اگست تک مارکیٹس اور شاپنگ مالز بند کرنے کا اعلان کردیا، فیصلے کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کا ایوان وزیراعلیٰ میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ کورونا کابینہ کمیٹی نے عید الاضحی پر کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف اقدامات کاجائزہ لیا۔
انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے کوئی ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ہم کورونا کو شکست دینے کے قریب ہیں، لاک ڈاؤن کا مقصد ہے کہ اب لاپرواہی سے کیسز کی تعداد پھر نہ بڑھ جائے، لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز، گروسری سٹورز، ٹرانسپورٹ اور دفاتر کھلے رہیں گے۔
اجلاس میں مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد نہ کروانے پروزیر قانون پنجاب نے برہمی کا اظہارکیا۔راجہ بشارت نے کہا کہ عید کے بعد این سی او سی کے اجلاس میں ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کھولنے کی سفارش جائے گی۔
وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اگلے بدھ تک مارکیٹیوں میں سخت لاک ڈاون رہے گا، آج رات سے فیصلے کا اطلاق ہوگا، عیدالفطر والے ایس او پیز کا عیدالاضحی پر بھی نفاذ ہوگا، مویشی منڈیوں میں سخت قسم کے ایس او پیز پرعمل درآمد کروایا جائے گا، تھیٹر، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات کھولنے کے لئے محرم کے بعد معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔