کراچی، سندھ اور بلوچستان میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے۔فائل فوٹو
کراچی، سندھ اور بلوچستان میں بارش کا سسٹم بن رہا ہے۔فائل فوٹو

کراچی میں آج بھی موسلادھاربارش۔شہر میں کشتیاں چل پڑیں

کراچی کے ضلع وسطی اور ضلع غربی کےمختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس سے ان علاقوں میں سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا۔نکاسی آب کے نالے ابل پڑے،لیاقت آباد میں ٹریفک جام ہو گیا، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ چکی ہیں،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج پیرکے روزشہرکے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اورتیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بلدیہ سپارکو روڈپر فیکٹری میں کرنٹ لگنے سے 2 افرادجاں بحق ہوگئے ۔

کراچی میں بارشوں کے بعد اورنگی ٹاؤن میں سیلابی صورتحال ہے۔ لوگوں کو گھروں سے نکالنے کیلئے کشتیوں کی مدد لی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر ناصر شاہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں ایسی صورتحال ہے۔ ایک، دو گھنٹے میں پانی نکل جائے گا۔

میڈیا کے مطابق گلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، قلندریہ، بفرزون، بلدیہ ٹاؤن، پاورہاؤس چورنگی ، اورنگی ٹاؤن اور حیدری میں بھی وقفے وقفے سے بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ ہلکی اورتیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

فیڈرل بی ایریا میں عائشہ منزل اوراطراف کے علاقوں میں بارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ رہائشی علاقوں کی گلیوں میں تین سے چار فٹ پانی جمع ہوگیا ہے،کے ڈی اے چورنگی کے اطراف بھی دو دو فٹ پانی کھڑا ہے۔

شہر میں کل اورآج کی بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، میٹ کمپلیکس جوہر میں اب تک 8.2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرجانی ٹائون سے پانی کا ریلا نارتھ کراچی کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہو جائے گی شہریوں کو گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔بلدیہ ٹائون میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے اور گلیوں میں پانی کھڑا ہے جو گھروں داخل ہو رہاہے لیکن کوئی انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔

بارش ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی،تاہم کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں احتیط کے طور پر بجلی بند کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بارش سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا۔