وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فرازنے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت پر پریشر ڈال رہی ہے لیکن عمران خان کسی صورت کمپرومائز نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو لاکھ کوشش کرلیں،این آراو نہیں ملے گا۔
شبلی فرازنے کہا کہ بلاول بھٹو شیشے کے گھر میں رہ کر دوسروں کے گھروں میں پتھر پھینک رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہ یا تولاعلم ہیں یا سب کچھ جانتے ہوئے جھوٹ بولتے ہیں۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیراعظم اوران کی فیملی نے محنت سے اثاثے بنائے۔ ان کے پاس وہ اثاثے نہیں جو بلاول بھٹو کے پاس ہیں۔عمران خان نے کرکٹ کی تمام کمائی کا ریکارڈ عدالت کو دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کے بعد عمران خان پر سیاسی کیس بنایا گیا تھا، تاہم عدالت نے انھیں صادق اورامین قراردیا جبکہ بلاول کی فیملی پر صداقت اورامانت کے بڑے سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے چئیرمین پیپلز پارٹی پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کے پاس کرپشن پر سوال کرنے کا اخلاقی جواز نہیں ۔ وہ بتائیں کہ سرے محل کیسے خریدا گیا؟ سوئس اکاؤنٹ کا کیا ہوا؟اومنی گروپ کیلیے منی لانڈرنگ کس نے کی؟ بلاول بھٹوکوان سوالوں کا جواب اپنی فیملی سے مل جائے گا۔