سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔
سعودی عرب میں مسجد الحرام ، مسجد نبوی سمیت مختلف مساجد میں نمازِ ید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جن میں حاجیوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے نمازِ عید ادا کی۔نمازِعید کے اجتماعات کے موقع پر احتیاطی تدابیرکا مکمل خیال رکھا گیا۔
اس موقع پراسلام کی سر بلندی، امتِ مسلمہ کی سلامتی اورترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ترکی میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، استنبول میں 86 برس بعد آیا صوفیہ مسجد میں نمازِ عید ادا کی گئی۔آیا صوفیہ مسجد میں نمازِ عید میں کورونا وائرس کے سبب سماجی فاصلے کو یقینی بنایا گیا۔
متحدہ عرب امارات میں عیدالاضحیٰ کےموقع پر کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے پیشِ نظر سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔حکومت نے نمازِ عید کے اجتماعات کے بجائے گھروں پر نماز ادا کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جبکہ قربانی بلدیہ کی جانب سے مخصوص مذبح خانوں میں کی جائے گی۔
انڈونیشیا میں بھی عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی میں کورونا وائرس کے سبب سماجی فاصلے کو یقینی بنایا گیا، نمازیوں نے ماسک پہن کرنمازِعید ادا کی۔افغانستان، مصر، کویت، اردن، بحرین، قطر، ایران، مصر اور ملائیشیا میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔
امریکہ، برطانیہ اور جاپان میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے اور مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کرنے میں مصروف ہیں۔پاکستان، بھارت سمیت بیشتر ممالک میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی۔